سرمائی اولمپکس 2018ء میں خواتین کی مشترکہ ٹیم اتحاد کا نقطۂ آغاز
سیول ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی اور جنوبی کوریا نے آج ایک اعلیٰ سطحی بات چیت کا انعقاد کیا جس کے ذریعہ وہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے جو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات سے قبل انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ شمالی اور جنوبی کوریا کی بات چیت مئی کے اواخر میں ہی منعقد شدنی تھی۔ تاہم شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کے تناظر میں اس بات چیت کو منسوخ کردیا تھا لیکن مشترکہ فوجی مشقوں ’’میکس تھنڈر‘‘ کے 25 مئی کو اختتام کے بعد شمالی کوریا کے قائد کی جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان سے سرحدی موضع پنموجوم میں ہوئی ملاقات نے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ یہ ملاقات دونوں قائدین کے درمیان ہوئی دوسری ملاقات تھی جبکہ ماہ اپریل میں دونوں قائدین نے پہلی بار ملاقات کی تھی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر دلچسپ ہوگا کہ دونوں کوریاؤں نے پہلی بار متحدہ کوریائی اولمپک ٹیم تشکیل دی تھی اور اس طرح انہوں نے آئس ہاکی کے زمرہ میں ایک متحدہ خواتین کی ٹیم مقابلہ کیلئے روانہ کی تھی جس نے 2018ء پیونگ یانگ سرمائی اولمپکس میں حصہ لیا تھا۔