ٹرمپ کے منصوبہ کے تین لاکھ ہندوستانیوں پر اثرات

ایک کروڑ 10 لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو امریکہ سے ملک بدر کرنے کا خطرہ
واشنگٹن ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں غیرقانونی طور پر مقیم تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ بیرونی تارکین کی ملک بدری کا خطرہ پیدا کرنے والے ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کے وسیع تر منصوبوں سے تین لاکھ ہندوستانی امریکی بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے لاکھوں غیرقانونی بیرونی تارکین کو ملک بدر کرنے کیلئے نئی رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے بنیادی اقدامات کا آغاز کردیا ہے جس سے وفاقی ایمیگریشن قوانین کے نفاذ کے راستے بڑے پیمانے پر وسعت اختیار کریں گے۔ محکمہ داخلی سلامتی (ہوم لینڈ سیکوریٹی) نے اپنی طرف سے نافذ کی جانے والی ایک یادداشت میں کہا کہ ’’یہ محکمہ اس قانون کے نفاذ کے بعد ملک بدر کئے جانے والے اجنبیوں کو (بیرونی افراد) کے استثنیٰ کیلئے کوئی درجہ یا زمرہ باقی نہیں رہے گا‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ ’’محکمہ کے اہلکاروں کو یہ مکمل اختیار حاصل رہے گا کہ وہ کسی بھی بیرونی تارک وطن کو پکڑے یا گرفتار کرے جس کے بارے میںکوئی ایمیگریشن افسر یہ سمجھتا سکتا ہیکہ وہ (شخص) ایمیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے‘‘۔ غیر سرکاری اعداد کے مطابق امریکہ میں 300,000 ہندوستانی غیرقانونی طور پر مقیم ہیں۔