ٹرمپ کے ریمارکس پر برہم : پاکستان کی امریکہ سے بات چیت معطل

اسلام آباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستان نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعہ پاکستان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کے تناظر میں سرکاری طور پر کئے جانے والے دوروں اور بات چیت کا سلسلہ معطل کردیا ہے ۔ ٹرمپ نے کہاتھا کہ پاکستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بنا ہوا ہے ۔ پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کل سینیٹ میں یہ بات بتائی جس نے ایک کمیٹی کی صورت اختیار کرتے ہوئے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ کشیدہ ہوتے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر انگریزی اخبار ڈان نے بھی بعض معتبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مسٹر آصف نے سینیٹرس کو واضح طور پر کہا ہے کہ اب پاکستان بطور احتجاج امریکہ کے سرکاری دوروں اور بات چیت کا سلسلہ مسدود کررہا ہے ۔ یاد رہے کہ امریکہ کی وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا الائس ویلز اسلام آباد کا دورہ کرنے والی تھیں جب کہ خود مسٹر آصف گذشتہ ہفتہ امریکہ کا دورہ کرنے والے تھے ۔ اب یہ دونوں دورے منسوخ تصور کئے جائیں گے ۔