واشنگٹن ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ انتظامیہ میں افغانستان کے ساتھ مصالحت کروانے کے مقصد سے جنہیں ’’پوائنٹ پرسن‘‘ کہا جاتا ہے یعنی زلمے خلیل زاد، افغانستان۔ پاکستان کے علاوہ مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک کا بھی دورہ کریں گے۔ یاد رہیکہ زلمے خلیل زاد امریکہ کے سابق صدر جارج بش کے زمانہ میں ایک اعلیٰ عہدہ پر فائز مسلمان تھے۔ خلیل زاد ایک وفد کے ساتھ افغانستان، پاکستان، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب کا 4 تا 14 اکٹوبر دورہ کریں گے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق خلیل زاد کے دورہ کا مقصد امریکہ کی ان کوششوں کو کامیاب کرنا ہے جو وہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کررہا ہے لہٰذا افغان حکومت اور دیگر کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کامیاب کوشش کی جاسکتی ہے۔ ٹرمپ کے خصوصی نمائندہ کی حیثیت سے اپنی تقرری کے بعد زلمے خلیل زاد کا یہ پہلا دورہ ہے۔