ٹرمپ کے بیان پر جرمن چانسلر کا شدید رد عمل

برلن،یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اقوام متحدہ کو ‘تباہ کرنے ‘ کے خلاف خبردار کیا ہے ۔خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق انجیلا مرکل نے باویریا میں علاقائی انتخابی مہم کے دوران کہا کہ میرا ماننا ہے کہ کسی چیز کو اس وقت تباہ کرنا جب تک کوئی نئی چیز نہیں بنائی گئی ہو انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔ امریکہ کے سابق صدر براک اوباما کی قریبی اتحادی جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی مسائل کا حل عالمگیریت یا تکثیریت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے مسائل کے حل میں کامیابی کے امکانات کھوئے ہیں کیونکہ عالمی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں ان کی صرف اپنی کامیابی پر نظر ہے ۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہہ ان کی انتظامیہ عالم گیریت کے نظریہ کو رد کرتی ہے اور ہم وطن پرستی کے اصول کے دلدادہ ہیں۔