واشنگٹن ۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے اولے تحفظ ماحولیات ایجنسی کے صدر اسکاٹ پریٹ کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔ ٹرمپ نے اس فیصلے کا اعلان ٹوئیٹر کے ذریعہ کیا اور کہا کہ پریٹ نے اپنے فرائض انتہائی ایمانداری سے ادا کئے اور میں اب ان کا استعفیٰ قبول کرتا ہوں۔ ٹرمپ نے ان کی جگہ انڈریو ویلر کو متعین کیا ہے جوکہ اسی ایجنسی میں بطور نائب کام کررہے تھے۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں کچھ عرصے سے تحفظ ماحولیات کی ایجنسی میں مالی بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کی خبریں گردش کررہی تھیں جن کی بناء پر صدر ٹرمپ کے قریبی ساتھی اسکاٹ پریٹ مستعفی ہونے پر مجبور ہوگئے تھے۔