بیونس ؍ آئرس ؍ ماسکو ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ارجنٹینا میں جاری G-20 چوٹی کانفرنس میں بالآخر شرکت کی۔ تاہم قبل ازیں انہوں نے صدر روس ولادیمیر پوٹن سے ہونے والی ملاقات کو اچانک منسوخ کرکے سب کو حیرت زدہ کردیا۔ اس طرح G-20 چوٹی کانفرنس پر بھی ٹرمپ اور پوٹن کی منسوخ شدہ ملاقات کے سائے منڈلاتے رہے۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ یو این کے بحری جہازوں کو ضبط کرنے پر امریکہ نے روس کو اپنی ناراضگی دکھانے کیلئے صدر پوٹن سے طئے شدہ ملاقات منسوخ کی ہے۔ یاد رہیکہ G-20 چوٹی کانفرنس میں ٹرمپ کے ایجنڈہ میں عالمی قائدین سے ملاقات، کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دستخط اور ساتھ ہی ساتھ ترقی و مالدار اور ترقی پذیر ممالک کے ساتھ گروپ سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ بہرحال، یہ کہا جارہا ہیکہ G-20 چوٹی کانفرنس میں ٹرمپ کو کچھ چیلینجز کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن میں سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ آیا وہ چین کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ کرتے ہیں یا نہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ کچھ عرصہ سے جاری کشیدگی ختم ہوسکے۔ دوسری طرف کریملن نے ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے پوٹن سے ملاقات منسوخ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ پوٹن کے ترجمان ڈیمتری پیسیکوف نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کو منسوخ کرنے کے فیصلہ پر ہمیں شدید افسوس ہے۔