واشنگٹن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی نئی لکژری ہوٹل جو واشنگٹن میں واقع ہے، میں شرپسندوں نے توڑپھوڑ مچائی۔ ڈسٹرکٹ آف کولمبیا پولیس کا کہنا ہیکہ شرپسندوں نے اسپرے پینٹ کے ذریعہ ’’سیاہ فاموں کی زندگی بھی معنی رکھتی ہے‘‘ دیوار پر تحریر پینٹ کردی اور اس کے بازو ہی ’’انصاف نہیں تو امن نہیں‘‘ بھی اسپرے پینٹ کے ذریعہ ہوٹل کی بیرونی دیوار پر تحریر کردیا گیا تاہم اتوار کو ان اشتعال انگیز نعروں کو پلائی ووڈ کے تختوں کے ذریعہ ڈھانپ دیا گیا۔ دریں اثناء پولیس ترجمان اکیتا براؤن نے بتایا کہ اب تک کسی بھی شرپسند کی شناخت عمل میں نہیں آئی جبکہ یہ واقعہ ہفتہ کے روز شام 4 بجے کے بعد رونما ہوا۔ ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کا افتتاح 12 ستمبر کو کیا گیا تھا۔ دی ٹرمپ آرگنائزیشن نے وفاقی حکومت سے 60 سالہ لیز پر تاریخی قدیم پوسٹ آفس کو جو پنسلوانیہ ریونیو میں واقع ہے، ہوٹل میں تبدیل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ اس ہوٹل میں کمروں کا کرایہ 400 ڈالرس فی شب وصول کیا جاتا ہے۔