واشنگٹن، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی دباؤ کے سامنے جھکتے ہوئے نئے امیگریشن حکمنامہ پر دستخط کر دیئے ہیں۔ نئے حکم کے مطابق غیر قانونی طور پر امریکہ-میکسیکو سر حد سے داخل ہونے والے بے گھر خاندانوں کو حراست میں لئے جانے پر ایک ساتھ ہی رکھا جائے گا۔اس حکم کے مطابق غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے مہاجرین پر پہلے کی طرح ہی مجرمانہ مقدمہ چلے گا۔یعنی امریکہ کی غیر قانونی امیگریشن پر نام نہاد’ زیرو ٹالرینس’ پالیسی پہلے کی طرح ہی جاری رہے گی۔مسٹر ٹرمپ نے اوول آفس میں نئے حکمنامہ پر دستخط کرتے ہوئے کہا”یہ حکمنامہ بے گھر خاندانوں کو ایک ساتھ رکھنے سے متعلق ہے لیکن ساتھ ہی ہم اپنی سرحدوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے ان کے استحکام کو یقینی بنائیں گے ”َ۔ٹرمپ انتظامیہ کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکہ میں اور عالمی سطح پر غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے والے لوگوں کو بچوں سے علیحدہ کیا جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اس سے قبل امریکی قانون دانوں سے استدعا کی کہ اس بل کو منظور کریں جس کے تحت خاندانوں کو علیحدہ کرنا ختم کیا جا سکے ۔صدر ٹرمپ نے ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کرنے کے بعد کہااس سے خاندان علیحدہ نہیں کیے جائیں گے ۔ مجھے خاندانوں کو جدا کرنا اچھا نہیں لگا۔