ٹرمپ کی دھمکیاں مسترد ، پاکستانی قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

کوئٹہ اور پشاور میں طالبان کی موجودگی کا امریکہ کا الزام بے بنیاد :وزیر خارجہ
اسلام آباد۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام)قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی افغانستان اور جنوبی ایشیا کے حوالے سے نئی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور جنرل نکلسن کے بیان دھمکی آمیز ہیں اور پارلیمنٹ امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتی ہے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف کی جانب سے قرارداد اسمبلی میں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں امریکی صدر کے الزامات سے متعلق قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس وقت ایک پیج پر ہے اور قومی اسمبلی 21 اگست کی امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی مسترد کرتی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان کوئٹہ اور پشاور میں طالبان کی موجودگی کا امریکی دعویٰ مسترد کرتا ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر اور افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان نکلسن کے بیانات دھمکی آمیز ہیں۔