ٹرمپ کی جج اور جنسی زیادتی کا الزام لگانے والی پروفیسر کے بیان درج کرنے کی ہدایت

نیویارک،18ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے سپریم کورٹ کیلئے نامزد جج بریٹ کوانا اور ان پرجنسی زیادتی الزام لگانے والی یونیورسٹی خاتون پروفیسر کرسٹائن بلیسی فورڈ آئندہ پیر 24 ستمبر کو سینیٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر بیانات ریکارڈ کرائیں گے ۔کمیٹی چئیر مین سینیٹر چک گریسلے نے کہا ہے کہ ڈاکٹر فورڈ کی طرح اگر کوئی اور بھی سامنے آئے تو اسے سنا جانا چاہیے ، امریکی سینیٹ کی جوڈیشل کمیٹی معاملے کی چھان بین کر رہی ہے ۔کرسٹائن بلیسی فورڈ نے بریٹ کوانا پر 36 سال پہلے نو عمری میں خود پر جنسی حملے کا الزام لگایا ہے ۔کرسٹائن بلیسی فورڈ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اور کوانا دونوں 20سال سے کم عمر تھے ۔وائٹ ہاوس کی سینئر مشیر کیلین کونوے نے بھی چھان بین کی حمایت کی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ خاتون کے الزامات کو دیکھنا چاہیے۔ بریٹ کوانا نے الزامات کی تردید کی ہے اور بیان دینے پر رضامند ہیں۔
اس معاملے پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کہتے ہیں کہ معاملے کی چھان بین کے باعث اگر سینیٹ کے تصدیقی ووٹ میں تاخیر بھی ہو جائے تو ہرج نہیں۔