ٹرمپ کی تمام چینی مصنوعات پر ڈیوٹی لگانے کی دھمکی

واشنگٹن۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 505.5 ارب ڈالرکے تمام چینی درآمدات پر ڈیوٹی لگانے کی دھمکی دی ہے ۔امریکی نیٹ ورک سی این بی سی کو انٹرویو میں انھوں نے 2017 ء میں چین سے درآمدکی گئی 505ارب ڈالر کی چینی مصنوعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ میں 500 تک کیلئے جانے کو تیار ہوں، میں یہ سیاست کیلئے نہیں کررہا، میں یہ اپنے ملک کی بہتری کیلئے کر رہا ہوں، چین ہمیں کافی عرصے سے بلی کا بکرا بنارہا ہے ۔ واضح رہے کہ امریکہ نے رواں ماہ چین کی 34ارب ڈالر کی مصنوعات کیلئے 25 فیصد درآمدی ڈیوٹی لگائی تھی۔ جس کے نتیجے میں چین نے بھی پوری طور پر اتنی ہی مالیت کی امریکی مصنوعات پر یکساں شرح سے ٹیرف عائد کردیئے تھے اور واشنگٹن پر اقتصادی تاریخ کی سب سے بڑی تجارتی جنگ شروع کرنے کا الزام عائد کیا تھا، امریکہ مزید 16ارب ڈالر کی چینی مصنوعات پر ٹیرف لگانے کا جائزہ لے رہا ہے ۔ گزشتہ روز ٹرمپ نے اپنے انٹرویو میں اپنے دعویٰ کا اعادہ کیاکہ امریکہ ٹریڈ پالیسی سمیت ایشوز پر فائدہ اٹھا رہا ہے ، میں انھیں (چین کو) خوف زدہ کرنا نہیں چاہتا بلکہ میں انھیں بہتری پر مجبور کرنا چاہتا ہوں، مجھے صدر ژی بہت پسند ہیں مگر یہ بہت غیرمنصفانہ ہے ۔ انھوں نے فیڈرل ریزرو کی پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور مانیٹری پالیسی کو سخت کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ بعد میں وائٹ ہاؤس نے ایک بیان جاری کرکے کہاکہ صدر مرکزی بینک کی آزادی کا احترام کرتے ہیں اور پالیسی سازی میں مداخلت کرنا نہیں چاہتے ۔علاوہ ازیں امریکی صدر نے اپنی ٹوئٹ میں چین اور یوروپی یونین پر تجارتی فائدے کیلئے اپنی کرنسیوں کی قدر مصنوعی طور پر کم رکھنے کا الزام عائد کیا اور مرکزی بینک کی شرح سود بڑھانے کی پالیسی کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ اس سے سب کو نقصان ہو رہا ہے ۔