واشنگٹن، 11 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے داعش جیسی دہشت گرد اور دیگر شدت پسند تنظیموں کو عام تباہی کے ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی حکمت عملی کو منظوری دے دی۔وائٹ ہاؤس نے پیر کو ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔ ریلیز میں کہا گیا کہ ’’امریکہ کیخلاف داعش جیسی دہشت گرد اور شدت پسند تنظیموں کے عام تباہی کے ہتھیار وں کے استعمال کے خدشہ کے پیش نظر صدر ٹرمپ نے آج یہ منظوری دی ہے‘‘۔عام تباہی کے ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی حکمت عملی کو منظوری دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کیمیائی، حیاتیاتی، تابکار اور ایٹمی ہتھیاروں تک دنیا کے خطرناک ترین لوگوں کی رسائی ناممکن بنانے پر زور دیا۔