ٹرمپ کیلئے دعائیہ تقریب میں وقت کے تقاضے سے ہم آہنگ قرآنی آیات کی تلاوت

واشنگٹن۔23 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے عہد کے آغاز کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں امریکی امام محمد ماجد نے حسب روایت اذان دینے کے بجائے ارباب اقتدار کے سامنے دو قرآنی سورتیں پڑھیں ۔ سورہ فاتحہ سمیت سورہ روم اور سورہ الحجرات کی جو آیات تلاوت کی گئیں بظاہر ان کا رخ امریکی انتخابات کے دوران اور بعد میں مسلمانوں کے بارے میں کہی جانے والی بہت سی باتوں اور مسلمانوں کی وفاداری کے بارے میں اٹھائے جانے والے سوالات کی طرف تھا۔ تلاوت کردہ قرآنی آیات کا پیغام یہ تھا ”ہمیں متحد ہونا چاہئے اور تنوع کا احترام کرنا چاہئے کیونکہ خدا نے ہمیں اسی لئے بنایا ہے ”۔ دونوں آیات[سورۃ الحجرات کی آیت نمبر 13 اور سورۃ الروم کی آیت نمبر 22 ] کا انگریزی میں ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا گیا۔آیات حسب ذیل ہیں: یَآ اَیُّـھَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقْنَاکُمْ مِّنْ ذَکَرٍ وَّاُنْثٰی وَجَعَلْنَاکُمْ شُعُوْبًا وَّقَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوْا [؟] اِنَّ اَکْـرَمَکُمْ عِنْدَ اللّـٰھِ اَتْقَاکُمْ [؟] اِنَّ اللّـٰھَ عَلِیْـمٌ خَبِیْـرٌ (الحجرات:13) [اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور عورت سے پیدا کیا اور تمہارے خاندان اور قومیں جو بنائیں تاکہ تمہیں آپس میں پہچان ہو، بے شک زیادہ عزت والا تم میں سے اللہ کے نزدیک وہ ہے جو تم میں سے زیادہ پرہیزگار ہے ، بے شک اللہ سب کچھ جاننے والا خبردار ہے ]۔ وَمِنْ آیَاتِھِ خَلْقُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافُ أَلْسِنَتِکُمْ وَأَلْوَانِکُمْ إِنَّ فِي ذَلِکَ لَآیَاتٍ لِّلْعَالِمِینَ(الروم: 22) [اور اس کی نشانیوں میں سے آسمانوں اور زمین کی تخلیق (بھی) ہے اور تمہاری زبانوں اور تمہارے رنگوں کا اختلاف (بھی) ، بیشک اس میں اہلِ علم (و تحقیق) کے لیے نشانیاں ہیں]۔ امریکہ کے 45 ویں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے لیے بین المذاہب دعائیہ تقریب کیپٹل ہل میں منعقد کی گئی تھی جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ امریکی صدر اور خاتون اول کی آمد کے بعد تقریب میں پہلے تو تمام افراد نے مل کر اجتماعی دعا کی بعدازاں مختلف مذاہب بشمول یہودیت، عیسائیت، اسلام، ہندو ازم ، سکھ ازم، پارسی اور دیگر عقائد کے مذہبی رہنماؤں نے اپنے اپنے عقیدے کے مطابق نئے امریکی صدر کو اپنی دعاؤں سے نوازا۔