ٹرمپ کمانڈرانچیف نہیں بن سکتے : سابق سی آئی اے سربراہ

فلاڈلفیا۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی آئی اے کے سابق سربراہ اور وزیر دفاع لیون پینٹیا نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ہلاری کلنٹن کے گمشدہ میلز تلاش کرنے روس کی حوصلہ افزائی کرنے پر شدید مذمت کی جو دراصل کسی بھی بیرونی ملک کو امریکہ کے خلاف جاسوسی کرنے کے اختیارات دینے کے مترادف ہے اور ایسا شخص امریکہ کا کمانڈرانچیف نہیں ہوسکتا۔ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن سے خطاب کے دوران مسٹر پینٹیا نے کہا کہ ملک کا صدر وہ ہوتا ہے جو سائبر حملوں ے خلاف ملک کی حفاظت کرتا ہے۔ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ کوئی بھی صدارتی امیدوار اس حد تک غیرذمہ دار کیسے ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایسا دور چل رہا ہے جہاں امریکہ کی قومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ نہیں کیا جاسکتا۔ آج دنیا میں کہیں بھی استحکام نہیں ہے لہٰذا ایسے ماحول میں امریکہ ایک غیرمستحکم صدرکا متحمل نہیں ہوسکتا۔