ٹرمپ کا ایران کی صنعتوں پر پابندیوں کا اعلان

واشنگٹن ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کی اسٹیل اور کان کنی کی صنعتوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے یہ فیصلہ ایران کی جانب سے 2015ء میں طے شدہ نیوکلیئر سمجھوتے کے تحت اپنے نیوکلیئر پروگرام پر عائد کردہ بعض پابندیوں سے جزوی دستبردار ی کے اعلان کے بعد کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے تیل کے علاوہ آمدن کے سب سے بڑے ذریعے کو نئی پابندیوں میں ہدف بنایا جارہا ہے۔ اس نے بیان میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنا طرزِ عمل تبدیل نہیں کرتا ہے تو اس کو مزید ( تعزیری) اقدامات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک سال قبل 8 مئی ہی کو ایران کے ساتھ چھ بڑی طاقتوں کے طے شدہ نیوکلیئر سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا اورا س کے بعد نومبر میں اس کے تیل اور بنک کاری کے شعبوں پر دوبارہ سخت پابندیاں عائد کردی تھیں۔