واشنگٹن ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے دیرینہ وکیل مائیکل کوہین کی جانب سے فحش اداکارہ اسٹورمی ڈینئیلز کو کی گئی 130,000 ڈالرس رقم کی باز ادائیگی کی ہے۔ نیویارک کے سابق میئر روڈی گیلیانی نے یہ بات بتائی جنہوں نے حالیہ دنوں میں ٹرمپ کی قانونی ٹیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے فاکس نیوز کے میزبان شین ہینٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ رقم ٹرمپ کے وکیل کی جانب سے ادا کی گئی تھی جیسا کہ میں بھی کسی معاملہ میں کرسکتا ہوں۔ صدر موصوف نے مذکورہ رقم کی اندرون چند ماہ باز ادائیگی کی تھی جسے ’’کیمپین فائنانسنگ خلاف ورزی‘’ نہیں کہا جاسکتا کیونکہ وہ کیمپیس فنڈ نہیں تھا۔ یاد رہیکہ ابتداء میں ٹرمپ نے فحش اداکارہ کو خطیر رقم کی ادائیگی کے معاملہ سے انکار کیا تھا تاہم بعدازاں انہوں نے اپنے وکیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوہین نے انکی جانب سے (ٹرمپ) فحش اداکارہ کیساتھ معاملت کی تھی۔