ٹرمپ فلپائن میں ایک اضافی دن ٹھہریں گے

واشنگٹن ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ اپنے دورہ ایشیا کے دوران فلپائن میں ایک اضافی دن قیام کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونالڈٹرمپ فلپائن میں ایسٹ ایشیا سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ فلپائن میں ایک دن اور رکنا چاہتے ہیں کیوں کہ وہاں انہیں ایک بڑی کانفرنس میں شرکت کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اپنے دورہ ایشیا کے دوران ٹرمپ جنوبی کوریا بھی جائیں گے۔ جزیرہ نما کوریا میں پائی جانے والی شدید کشیدگی کے تناظر میں ان کے اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیل کی شام میں فوج داخل کرنے کی دھمکی
یروشلم۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی حکومت نے دھمکی دی ہے کہ ضرورت پڑنے پر تل ابیب شام کے وادی گولان میں اپنے فوج اتارنے کیلئے تیار ہے۔ ’العربیہ ‘ کے مطابق اسرائیلی حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ شام کے وادی گولان میں درزیہ کے علاقے میں شامی اپوزیشن کی پیش قدمی روکنے کیلئے اسرائیلی فوج داخل کی جا سکتی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان رونین مانیلیس نے ’فیس بک‘ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ مسلح افواج خضر قصبے میں کسی قسم کا نقصان روکنے اور الدروز کے باشندوں کے دفاع کیلئے اپنی فوج شام میں داخل کرنے کیلئے تیار ہے۔درز قبیلہ اسرائیل میں عرب اقلیت میں شامل ہے۔ انہیں اسرائیل میں تمام شہری حقوق حاصل ہیں۔ اس قبیلے کے افراد اسرائیلی فوج میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ شام کے اندر بھی درز قبیلے کے افراد کی بڑی تعداد آباد ہے۔