ٹرمپ اور میکرون کا تاریخی ماؤنٹ وارنن میں ڈنر

واشنگٹن ۔ 24 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ، خاتون اول میلانیا نے فرانسیسی صدر ایمانیول میکرون اور اُن کی اہلیہ کے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کے پہلے اسٹیٹ ڈنر کے موقع پر تاریخی ماؤنٹ وارنن میں تناول طعام کیا جو ورجینیا کے دریائے پوٹو مک کے کنارے واقع ہے جو امریکہ کے پہلے صدر رجاج واشنگٹن کا آبائی مقام ہے ۔ ٹرمپ کے اقتدار کا ایک سال بغیر کسی بیرونی قائد کی میزبانی کے گزرگیا جبکہ پہلا اسٹیٹ ڈنر وائیٹ ہاؤس میں کل ترتیب دیا جائے گا ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ ہمارا ڈنر شاندار رہا ۔ حالانکہ ڈنر میں میڈیا کو شرکت کی اجازت نہیں تھی تاہم اس کے اختتام کے بعد دونوں صدور اور اُن کی بیویوں نے میڈیا کو متعدد تصاویر کھینچنے کی اجازت دی ۔ اس موقع پر میلانیا ٹرمپ اور بریجیٹ میکرون نے تاریخی عمارت کی سیر بھی کی اور عمارت کے برآمدہ میں جاکر دریائے پوٹو مک کے نظارے سے بھی محظوظ ہوئے ۔ یاد رہے کہ ٹرمپ اور میکرون کی یہ چھٹویں ملاقات تھی جن میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ملاقات اُس وقت ہوئی جب گزشتہ سال جولائی میں ٹرمپ نے باسیٹل ڈے پریڈ کے موقع پر پیرس کا دورہ کیا تھا ۔