ٹرمپ انتظامیہ ہندوستان کو لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا پرزور حامی

ہند ۔ بحرالکاہل خطہ میں امریکہ کو نیٹ سیکوریٹی کا معاون ملک درکار، کانگریسی کمیٹی میں الیس ویلز کا بیان
واشنگٹن ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ نظم و نسق نے کانگریس کو بتایا ہیکہ وہ ہندوستان کو لڑاکا جیٹ طیاروں  اور کی فروخت کی پرزور حمایت کرتا ہے اور ادعا کیا کہ ہند۔ امریکہ دفاعی روابط کو ممکنہ حد تک آگے بڑھانے کی تجاویز زیرغور ہیں۔ کارگذار اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ جنوبی و وسطی ایشیائی امور الیس ویلز نے کانگریسی سب کمیٹی کو تحریری بیان میں بتایا کہ ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعاون باہمی رشتہ میں اہم ستون رہے گا کیونکہ اسے ہند ۔ بحرالکاہل خطہ میں نیٹ سیکوریٹی فراہم کرنے والے ملک کی ضرورت ہے۔ اس پس منظر میں ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو مطلع کیا ہیکہ وہ لڑاکا طیاروں کی فروخت کی تجاویز کا پرزور حامی ہے، جو بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کمپنیوں نے پیش کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان تجاویز میں ہند۔ امریکہ دفاعی رشتہ کو اگلی سطح تک پہنچانے کی قوت پائی جاتی ہے۔ ہندوستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کی وجہ اس قدر مضبوط ہیکہ امریکی مفادات کے تحفظ میں مدد ملے گی اور انڈو۔ پیسیفک خطہ میں نیٹ سیکوریٹی پرووائیڈر دستیاب ہوجائے گا۔ وزیرموصوفہ نے اجاگر کیا کہ یہ خطہ عالمی تجارت کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے جہاں سے دنیا بھر کے 90,000 کمرشیل جہازوں کا نصف حصہ گذرتا ہے اور ان میں سے متعدد امریکی پرچم والے ہوتے ہیں۔ یہ خطہ تیل کی بڑے پیمانے پر تجارت میں مدد کرتا ہے۔ الیس ویلز ایوان نمائندگان کی امورخارجہ ذیلی کمیٹی برائے ایشیاء اور بحرالکاہل کے روبرو بھی حلفیہ بیان دینے والی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اس خطہ کی کلیدی اہمیت کو دیکھتے ہوئے امریکہ کو ہندوستان کے ساتھ دفاعی رشتے کو مضبوط کرنے پر مثبت رویہ اپنانا چاہئے۔