ٹرمنل کے نام کی تبدیلی میں تلگودیشم کی سازش کارفرما

حیدرآباد ۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ ڈومیسٹک ٹرمنل کو این ٹی آر کے نام سے موسوم کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اس کو تلگودیشم، بی جے پی کی سازش قرار دیا۔ مسٹر محمد فاروق حسین نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ راجیو گاندھی نے ملک کیلئے قربانی دی ہے۔ تلنگانہ حکومت سے مشاورت کئے بغیر مرکزی حکومت نے تلگودیشم کے دباؤ میں جو فیصلہ کیا ہے وہ انتہائی غلط ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود بھی آندھرائی قیادت تلنگانہ پر اپنے تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے ایرپورٹ کا نام تبدیل کیا ہے۔ این ٹی آر سے کانگریس کو کوئی دشمنی نہیں ہے۔ نئی ریاست آندھراپردیش میں 5 ایرپورٹس قائم ہورہے ہیں۔ تلگودیشم حکومت ان 5 ایرپورٹس کے نام این ٹی آر سے موسوم کرے جس پر کانگریس کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد آندھرائی قائد کے نام سے ایرپورٹ کو موسوم کرنا تلنگانہ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کانگریس کے قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی اور ڈپٹی فلور لیڈر مسٹر ٹی جیون ریڈی کی سیاسی زندگی کو این ٹی آر کی مرہون منت قرار دے رہے ہیں جبکہ خود بھول رہے ہیکہ ان کی سیاسی زندگی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ چندرا بابو نائیڈو 1978 میں پہلی مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور اس وقت وزارت میں بھی شامل ہوئے ریاستی وزیر ہونے کا احساس کرتے ہوئے فلم اسٹار سے سیاستداں بن جانے والے آنجہانی این ٹی آر نے اپنی دختر کی شادی ان سے کرائی تھی۔ تاہم این ٹی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر چندرا بابو نائیڈو نے ان سے اقتدار چھین لیا۔ موجودہ میرٹ ہوٹل پر ان پر چپلوں سے حملہ کیا۔ این ٹی آر کی موت کی وجہ بننے والے تلگودیشم کے قائدین آج اپنے آپ کو آنجہانی قائد کے محافظ کے طور پر پیش کرتے ہوئے مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو اپنے فیصلے سے فوری دستبرداری اختیار کرنے اور ایرپورٹ کا نام جوں کا توں رکھنے کا مطالبہ کیا۔