حیدرآباد ۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو نے ایک کارروائی انجام دیتے ہوئے غیرمحسوب اثاثہ جات رکھنے کے الزام میں ٹرانسکو کے ایڈیشنل ڈیویژنل انجینئر کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے 20 کروڑ مالیتی اثاثہ جات کے دستاویزات ضبط کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شیام سندر اے ڈی ای کے مکان واقع سعیدآباد سرسوتی نگر میں آج صبح اچانک اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے دھاوا کردیا اور غیرمحسوب اثاثہ جات کا پتہ چلنے پر اُسے فوری حراست میں لے لیا گیا۔ بیورو نے بتایا کہ ضبط شدہ اثاثہ جات کے دستاویزات میں سعیدآباد کے ایک مکان ، کوکٹ پلی میں دو عمارتیں ، نریڈمیٹ میں ایک پلاٹ ، بوڈاوپل ، کوم پلی اور دیگر علاقوں میں پلاٹس ، محبوب نگر اور کرنول ضلع میں دو ایکڑ اراضی ، نندی گاما میں 36گنٹے اراضی ،7.5 لاکھ مالیتی ایل آئی سی پالیسز اور دیگر اثاثہ جات کے دستاویزات ضبط کئے گئے ۔ گرفتار شدہ اے ڈی ای کو کل اینٹی کرپشن بیورو کی خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست نیوز) ریلوے مسافرین کو وداع کرنے کیلئے خریدے جانے والا پلیٹ فارم ٹکٹ بھی اب مہنگا ہوجائے گا۔ ریلوے کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کو اپنے رشتہ داروں و دوست احباب کو وداع کرنے کیلئے ریلوے اسٹیشن جانا بھی بہت گراں ثابت ہوگا کیونکہ محکمہ ریلوے کی جانب سے پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت کو 5 روپئے سے بڑھا کر 10 روپئے کردیا جائے گا۔
اور توقع کی جاتی ہیکہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ پر ایک دو دن میں عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ فی الوقت ریلوے پلیٹ فارم کے ذریعہ ریلوے کو زائد از 7.5 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوتی ہے لیکن اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ پلیٹ فارم ٹکٹ کی قیمت میں 5 روپئے کا اضافہ کرکے ریلوے کی آمدنی کو دگنی بنانا اس اضافہ کا ہرگز مقصد نہیں ہے بلکہ اس اضافہ کے ذریعہ ریلوے پلیٹ فارمس پر مسافروں کو سہولت بہم پہنچانے کے مقصد سے وداع کرنے کیلئے آنے والے افراد کی تعداد کو کم کرنا ہی اس اضافہ کا اہم مقصد ہے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ اب تک ریلوے ریزرویشن صرف اپنے سفر سے 60 یوم قبل ہی کروانے کی سہولت فراہم تھی لیکن اب ریلوے مسافروں کو اپنے سفر سے 120 یوم قبل ہی اپنے ٹکٹس کا ریزرویشن کرواسکتے ہیں اور اس نئی سہولت کا آج سے ہی آغاز ہوچکا ہے۔