ٹرانسپورٹ ہڑتال کو ختم کرنے حکومت مداخلت کرے

نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم کے رکن نے آج ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتال کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ہڑتال کو ختم کرانے کیلئے فوری مداخلت کرے۔ راجیہ سبھا میں مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے وقفہ صفر کے دوران تین کمارسین سی پی آئی ایم نے کہا کہ ملک میں سارا ٹرانسپورٹ نظام ٹھپ ہوگیا ہے۔ ٹرانسپورٹرس کی ہڑتال سے ضروری اشیاء کی نقل و حرکت بند ہوگئی ہے۔ لہٰذا حکومت کو فوری مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی وجہ سے عوام کو پریشانی ہورہی ہے۔ ٹرانسپورٹرس نے یہ ہڑتال حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل ترمیمی بل منظور کرنے پر شروع کی ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ یہ بل خطرناک اور مضرت رساں ہے۔ اس بل سے ٹرانسپورٹ شعبہ میںکام کرنے والے افراد کے حقوق سلب ہوجاتے ہیں۔ جموں و کشمیر، پنجاب، اترپردیش، مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں میں میک ٹرانسپورٹ سسٹم مفلوج ہوگیا ہے۔ دیگر ریاستوں نے بھی اس ہڑتال میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت پر زور دیتا ہوں کہ وہ فوری مداخلت کرے یہ ایک پرامن ہڑتال ہے۔ ان کا یہ جمہوری حق ہیکہ وہ اپنے خلاف ہونے والی زیادتیوں کا احتجاج درج کرائیں۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیرمین پی جے کورین نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ہڑتال کے بارے میں کسی بھی ریاست کا نام لے کر تنقید نہ کی جائے کیونکہ سی پی آئی ایم کے رکن نے ترنمول کانگریس پر تنقید کی تھی۔