ٹرانسپورٹ بند کو آٹو یونینوں کی تائید

حیدرآباد۔ یکم اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے نئے موٹر وہیکل ایکٹ میں ترمیمات کرتے ہوئے پیش کردہ بل کو منظور کرنے کے خلاف ملک گیر سطح پر منظم کئے جانے والے ’’ٹرانسپورٹ بند ‘‘ کی تلنگانہ آٹو یونینوں نے اپنی بھرپور تائید کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ آٹو یونینوں کے قادئین مسرس اے ستی ریڈی، بی وینکٹیشم ، ویمولہ ویریا، وی کرن، ایس نرسمہا ریڈی و دیگر قائدین نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرکے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ بند کی نوٹسیں حوالہ کی گئیں اور بتایا کہ 7اگسٹ کو ریاست تلنگانہ میں ریاست گیر روڈ ٹرانسپورٹ بند منظم کیا جائے گا۔ ان قائدین نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ سے متعلق نیا موٹر وہیکل ایکٹ بل جو منظور کیا گیا وہ بالکلیہ طور پر مخالف عوام بل ہے جس کی ملک گیر سطح پر شدید مخالفت کی جارہی ہے اور ریاست تلنگانہ میں بھی اس بل کی پرزور مخالفت کرنے کیلئے ہی7 اگسٹ کو ریاست گیر روڈ ٹرانسپورٹ بند منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔