ٹرافک بہاؤ میں آسانی پیدا کرنے کے لیے اقدامات

زائد گرین سگنلس ، ایک رخی راستے ، ٹرافک پولیس ، جی ایچ ایم سی مشترکہ منصوبہ سازی
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( ایجنسیز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) ٹرافک پولیس کے اشتراک سے ممبئی اور بنگلور کی طرز پر ایک نئے ٹرافک سسٹم کو روشناس کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جہاں ایسے سگنلس نصب کئے گئے ہیں جس سے ٹرافک کے بہاؤ میں آسانی ہو ۔ اس سسٹم کو ایچ ٹی او آئی ایم ایس کے ساتھ انجام دیتے ہوئے تین ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ۔ بتایا گیا کہ رویندرا بھارتی اور تلگو یونیورسٹی کے درمیان کا فاصلہ صرف سات سو گز ہے تاہم یہاں تین ٹرافک سگنلس پر رکنا پڑتا ہے ۔ اس کے سبب فاصلہ طئے کرنے میں 5 تا 7 منٹ لگ جاتے ہیں تاہم نئے ٹرافک سسٹم کے سبب ان تمام سگنلس کو گرین کردیا جائے گا اور کم وقت میں راستہ طئے ہوگا ۔ نئے سسٹم کو رائج کرنے کے لیے کارپوریشن اور ٹرافک پولیس کی جانب سے بی ای ایل کے ہمراہ ایک مشترکہ سروے انجام دیا گیا ۔ بی ای ایل کی جانب سے ایچ ٹی آر آئی ایم ایس کو آلات سربراہ کئے جائیں گے ۔ تین سگنلس کو گرین کردینے کے سبب 6 منٹ وقت کی بچت ہوگی اور ٹرافک کی رفتار میں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کے مقابل 36 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹرافک پولیس اور بی ای ایل عہدیدار سگنلس کے لیے ایک سافٹ ویر تیار کررہے ہیں ۔ اس کام میں انجینئرس کی ایک خصوصی ٹیم بی ای ایل کی مدد کرے گی ۔ جی ایچ ایم سی عہدیدار سگنلس کے مقامات پر سڑکوں اور چوراہوں کی درستگی عمل میں لائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں ان سگنلس کی ٹرافک جام مقامات جیسے ودیا نگر تا آرٹی سی ایکس روڈس ، رویندرا بھارتی تا نامپلی اور گولکنڈہ تا رامنتا پور تنصیب عمل میں آئے گی ۔ دوسرے مرحلے میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن تا جوبلی ہلز چیک پوسٹ تین مقامات پر سگنلس کی تنصیب عمل میں آئے گی ۔ ٹرافک پولیس ون وے راستوں پر بھی سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ کسی کو پتہ نہیں کہ وہ کب اپنے مقام کو پہنچے گا ۔ اس کی وجہ شدید ٹرافک دباؤ ہے ۔ موجودہ طور پر بشیر باغ تا کوٹھی ون وے ٹرافک راستہ ہے اور اب کربلا میدان تا پیراڈائز راستہ کو ون وے راستہ میں تبدیل کیا جائے گا ۔ کربلا میدان سے آنے والی گاڑیاں رانی گنج اور ایم جی روڈ سے پیراڈائز جائیں گی ۔ پیٹنی تا کربلا میدان برائے ہائی ایکس روڈ اور بائبل ہاوز ون وے راستے بنایا جائے گا ۔ اسٹڈی میں بتایا گیا کہ ان راستوں کو طئے کرنے میں 20 منٹ کی جگہ صرف 6 منٹ صرف ہوں گے ۔ اس نئے سسٹم کو جلد نافذ کیا جائے گا ۔۔