بنکاک۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاٹا موٹرس کے منیجنگ ڈائرکٹر کارل سلایم بنکاک کی فائیواسٹار ہوٹل کی 22ویں منزل سے گرکر ہلاک ہوگئے ۔وہ ٹاٹا موٹرس کی تھائی لینڈ برانچ کی بورڈ میٹنگ میں شرکت کیلئے یہاں آئے ہوئے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ 51سالہ سلایم ہوٹل کی 22ویں منزل سے چوتھی منزل پر گرے اور ان کی موت واقع ہوگئی ۔ میڈیا کے مطابق پولیس کو ہوٹل کے کمرے میں خودکشی نوٹ ملا ہے اور سلایم کی بیوی اس واقعہ کے بعد صدمہ سے دوچار ہیں ۔ ان کی نعش کا کل پوسٹ مارٹم کیا جائے گا ۔ کمپنی نے اس بارے میں مزید کچھ تفصیلات نہیں بتائی ۔ سلایم برطانوی شہری ہیں اور وہ کمپنی کی اُس وقت سے قیادت کررہے ہیں جب آٹو انڈسٹری معاشی کساد بازاری کا شکار تھی۔ وہ 2012ء میں ٹاٹا موٹر سے وابستہ ہوئے اور ان کی ذمہ داریوں میںیہ بھی تھا کہ ہندوستان کی مارکٹ میں کمپنی کے موقف کو زیادہ مستحکم بنایا جائے ۔ ٹاٹا موٹرس کے صدرنشین سائرس پی مستری نے ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔