چینائی ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹامل کے ایک ہفت روزہ کے مشہور و معروف ایڈیٹر کو ایسے سلسلہ وار آرٹیکلس پر جس میں مبینہ طور پر گورنر بنواری لال پروہت کے امیج کو نقصان پہنچانے والے ریمارکس کئے گئے، اس پر راج بھون سے شکایت کے پیش نظر آج گرفتار کرلیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سینئر جرنلسٹ آر گوپال جو میگزین نکھیرن کے سربراہ ہیں اور ایک خاتون کالج ٹیچر سے متعلق سیکس اسکینڈل کے بارے میں آرٹیکلس لکھے، ان کو پولیس کی ٹیم نے یہاں ایرپورٹ سے حراست میں لیا جبکہ وہ پونے کو جارہے تھے۔ ذرائع نے کہا کہ گوپال کو تعزیرات ہند کے دفعہ 124 کے تحت گرفتار کیا گیا جس کا تعلق صدرجمہوریہ، گورنر وغیرہ کو کوئی غیرقانونی طریقہ سے نشانہ بنانے سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگزین میں ضلع ویرودھونگر میں واقع ایک پرائیویٹ کالج کی اسسٹنٹ پروفیسر سے متعلق آرٹیکلس کی گذشتہ اپریل سے اشاعت کے بارے میں راج بھون سے ملی شکایت پر کارروائی کی گئی۔ ان آرٹیکلس میں باور کیا گیا کہ طالبات کو نشانات اور رقم کے عوض عہدیداروں کی جنسی تسکین کا سامان فراہم کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔ سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر پی رادھا کرشنن نے دعویٰ کیا کہ گورنر کو سیکس اسکینڈل کیس میں ماخوذ کرنے کی سازش ہوئی ہے کیونکہ کئی سیاستدانوں کو اندیشہ ہے کہ اگر پوری سچائی سامنے آجائے تو ان کا کریئر تباہ ہوسکتا ہے۔