ورلڈ چلڈرنس رپورٹ کی رسم اجرائی تقریب ، گورنر کے روشیا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( این ایس ایس) : ریاست ٹامل ناڈو میں 80 فیصد سے زائد لوگ تعلیمی طور پر خواندہ ہیں جب کہ ریاست نے پرائمری تعلیم کے میدان میں صد فیصد نشانہ کو پالیا ہے ۔ گورنر ریاست ٹامل ناڈو ڈاکٹر کے روشیا نے آج یہاں یونیسف کی جانب سے چنائی میں راج بھون میں ورلڈس چلڈرن 2016 رپورٹ کا اجراء عمل میں لاتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بچوں کی تعداد سات ملین ہے جو کہ صفر تا 6 سال کے درمیان ہے ۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر کے روشیا نے کہا کہ ریاست کے پرائمری اسکول بچوں کی صد فیصد خواندگی باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے تعلیمی اداروں ، اساتذہ ، محکمہ تعلیم کے عہدیداروں ، رضاکارانہ تنظیموں اور این جی اوز سے اپیل کی کہ وہ اسکولوں اور کالجوں میں گھٹتی بچوں کی تعداد کو کم سے کم کرنے کی سعی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکولی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جائے ۔ اس سے سماج میں تبدیلی آئے گی ۔ غربت دور ہوگی ۔ انہوں نے بچوں کو ملک کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو بہتر صحت نگہداشت ، معیاری تعلیم فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کو اپنے ایجنڈہ میں اس کو اولیت دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کی ستائش کرتے ہوئے کہا اس سے خواتین کے موقف میں بہتری آرہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عالمی طور پر سال 2015 میں 5.9 ملین بچے پانچ سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل مختلف امراض کے سبب فوت ہوگئے ۔ اگر بہتر علاج کیا جاتا تب ان میں کئی کی جان بچائی جاسکتی تھی ۔ ڈاکٹر کے روشیا نے یونیسف کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ جو کہ عالمی طور پر بچوں کے متعلق ہے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ کے کمزور طبقات کے بچوں کی بہتری کے لیے فوری طور پر اقدامات مطلوب ہیں ۔ گورنر ٹامل ناڈو ڈاکٹر کے روشیا نے چیف منسٹر ٹامل ناڈو جے للیتا کی جانب سے معیاری صحت نگہداشت معیاری تعلیم غریب اور ضرورت مند افراد خاص کر خواتین اور بچوں کو نگہداشت سہولتوں کی فراہمی کے لیے آغاز کردہ اقدامات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر ریاستی گورنر ڈاکٹر کے روشیا نے یونیسف چیف ٹامل ناڈو کیرالا جاب زچاریا کو تہنیت پیش کی ۔۔