چینائی 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا نے آج مرکز سے خواہش کی کہ ٹاملناڈو کیلئے جاریہ سال حج کوٹہ میںاضافہ کیا جائے کیونکہ اس بار ریاست میں عازمین حج کی درخواستیں زیادہ تعداد میں حاصل ہوئی ہیں اور کوٹہ میں کمی کی وجہ سے کئی عازمین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک مکتوب میں انہوں نے کہا کہ ٹاملناڈو اسٹیٹ حج کمیٹی کو حج 2014 کیلئے 13,159 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے ٹاملناڈو کو صرف 2,672 کا کوٹہ ہی الاٹ کیا گیا ہے ۔ حج 2014 کے رہنما خطوط کے مطابق 2,672 کے کوٹہ میں 1,180 نشستیں محفوظ زمروں کیلئے ہوتی ہیں اور مابقی عام زمدہ کیلئے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ٹاملناڈو کیلئے صرف 100 اضافی نشتیں الاٹ کی ہیں جس سے کئی درخواست گذاروں کو مایوسی ہوئی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکز نے پہلے بھی اضافی کوٹہ الاٹ کیا تھا جس سے ٹاملناڈو کو سہولت ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ٹاملناڈو سے 3,696 عازمین نے حج ادا کیا تھا اس بار عازمین میں کافی امیدیں ہیں اور وہ نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ ایسے میں وہ وزیر اعظم سے خواہش کرتی ہیں کہ درخواست گذاروں کی بھاری تعداد کو دیکھتے ہوئے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے مرکز سے خواہش کی کہ وہ وزارت خارجہ کو بھی ہر سال ٹاملناڈو کیلئے کوٹہ میں اضافہ کی ہدایت دے ۔