ٹاملناڈو میں مفت دھوتی اور ساڑی اسکیم کا احیاء

چینائی۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے آئندہ سال پونگل تہوار کیلئے مفت  دھوتی ۔ ساڑی اسکیم کا افتتاح کیا ۔ سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ انا ڈی ایم کے بانی ایم جی رامچندرن نے بحیثیت چیف منسٹر 1983 میں یہ اسکیم شروع کی تھی جس کا مقصد آئندہ سال جنوری میں تامل فیسٹول کے موقع پر غریبوں کو مفت دھوتی اور ساڑی فراہم کرنا ہے۔ اس خصوص میں حکومت نے 486.36 کروڑ مختص کئے ہیں۔ اس فنڈ کے ذریعہ غریبوں کی امداد کے ساتھ بافندوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پونگل تہوار کیلئے دستکاروں سے 1.68 کروڑ دھوتیاں اور 1.67 کروڑ ساڑیاں حاصل کی جائیں گی۔
مشتبہ خاتون نکسلائیٹ گرفتار
رائے پور۔/29ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ کے ضلع کنکیسر میں ایک مشتبہ خاتون نکسلائیٹ کو گرفتار کرلیا گیا جس پر جاریہ سال پنچایت انتخابات کے دوران تشدد میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ پولیس نے بتایا کہ باغی نکسلائیٹ کے سر پر ایک لاکھ روپئے کا انعام تھا۔ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس فورس اور اسپیشل انٹلیجنس برانچ کی مشترکہ ٹیم نے کل خاتون نکسلائیٹ منگوئی کوارم کو علاقہ امبیڈا پولیس اسٹیشن سے پکڑ لیا۔ یہ خاتون جاریہ سال کے اوائل میں منعقدہ پنچایت انتخابات کے دوران النار گاؤں میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو لوٹنے کے واقعہ میں ملوث تھی۔ پولیس نے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔