ٹاملناڈو میں عبدالکلام سے ایوارڈ موسوم : جیہ للیتا

چینائی۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ٹاملناڈو نے آج کہا کہ سابق صدرجمہوریہ سے اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش کو ’نوجوانوں کے یوم نشاط ثانیہ‘ کے طور پر منایا جائے گا اور مرحوم صدر سے ایک ایوارڈ موسوم کیا جائے گا۔ ریاستی چیف منسٹر جے جیہ للیتا نے کہا کہ وہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ایوارڈ کی تشکیل کیلئے ضروری ہدایات جاری کرچکی ہیں۔ یہ ایوارڈ سائنسی ترقی، انسانیت کے فروغ اور طلبہ کی بھلائی کیلئے خدمات انجام دینے والے افراد کو دیئے جائیں گے۔ جیہ للیتا اپنے بیان میں کہا کہ ایک طاقتور ہندوستان اور وسائل سے مالامال ٹاملناڈو کے قیام سے متعلق ان کی حکومت کی پالیسی کے خطوط پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اے پی جے عبدالکلام ایوارڈ 8 گرام طلائی تمغہ، 5 لاکھ روپئے نقد اور توصیفی سند پر مشتمل ہوگا جو اس ریاست سے تعلق رکھنے والے منتخب افراد کو دیا جائے گا۔ جیہ للیتا نے کہا کہ رواں سال سے ہی ایوارڈ عطا کئے جائیں گے۔ 15 اکٹوبر کو ڈاکٹر عبدالکلام کے یوم پیدائش پر نوجوانوں کیلئے یوم نشاط ثانیہ منایا جائے گا۔