ٹیوٹی کورن میں 123کروڑ روپئے کے مالی نقصانات کا تخمینہ
چینائی ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امکان ہے کہ اوسط سے لیکر زبردست بارش ٹاملناڈو اور پوڈیچری کے کئی اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہوگی کیونکہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ قائم ہوگیا ہے ۔ علاقائی محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر ایس آر رمانند نے انتباہ دیا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ٹاملناڈو کے مختلف اضلاع میں کئی مقامات پر اوسط سے موسلادھار بارش ہونے کا اندیشہ ہے ۔ ٹیوٹی کورن سے موصولہ اطلاع کے بموجب بارش سے ہونے والے مالی نقصانات کا ساحلی ضلع میں تخمینہ لگایا گیا ہے جو مبینہ طور پر 123کروڑ روپئے ہے ۔ کلکٹر ٹیوٹی کورن روی کمار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 651 جھونپڑیاں تباہ ہوچکی ہیں ‘18.19 لاکھ روپئے مالیتی امداد 414 جھونپڑیوں کے مکینوں کو دی جاچکی ہے ۔ بارش سے متاثرہ افراد 6پناہ گزین کیمپوں میں قیام کئے ہوئے ہیں ۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر مزید 58 پناہ گزین کیمپ تیار رکھے گئے ہیں ۔