چینائی 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ڈی ایم کے نے آج ایک اور اپوزیشن جماعت ڈی ایم ڈی کے ارکان کی جاریہ اجلاس سے معطلی کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھانے کی اجازت نہ دینے پر ایوان سے واک آوٹ کردیا ۔ وقفہ صفر کے فورا بعد ڈی ایم کے مقننہ پارٹی لیڈر ایم کے اسٹالن نے یہ مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن اسپیکر بی دھنپال نے اجازت سے انکار کردیا۔ ڈی ایم ڈی کے ارکان کو 19 فبروری کے دن اسپیکر کے پوڈیم کو نقصان پہنچانے اور ہنگامہ آرائی کرنے پر معطل کردیا گیا تھا ۔ دریں اثناء پوتیا تمیگام کے رکن اسمبلی ایس کرشنا سوامی کو آج اسپیکر سے بحث و تکرار کے پاداش میں ایوان سے اٹھاکر باہر کردیا گیا ۔ کرشنا سوامی نے کرسی صدارت کے روبرو ٹہر کر بعض ریمارکس کئے جس کے بعد مارشلس کے ذریعہ باہر کردیا گیا ۔