حیدرآباد 14 مئی (سیاست نیوز) ٹالی ووڈ ڈرگس ریاکٹ کے سلسلہ میں محکمہ آبکاری اکسائز انفورسمنٹ نے 7 چارج شیٹس داخل کئے ہیں۔ 2017 ء میں اکسائز انفورسمنٹ کی ایس آئی ٹی نے 12 مقدمات درج کئے تھے اور اِس سلسلہ میں تلگو فلمی صنعت کے کئی اداکاروں کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے جملہ 60 افراد سے پوچھ گچھ کی اور 7 چارج شیٹس داخل کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلہ میں 22 افراد بشمول امریکی شہری جو ناسا کا سابقہ ایرو اسپیش انجینئر تھا، کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ہالینڈ کے شہری کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جبکہ 7 بی ٹیک انجینئرس جن کا تعلق ملٹی نیشنل کمپنی سے ہے کو بھی گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران تلگو فلم صنعت کے کئی افراد بشمول اداکاروں اور فلم ڈائرکٹرس کے ناموں کا انکشاف ہوا تھا اور اُنھیں بھی پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا اور اُن کے خون، بال و ناخن کے نمونے حاصل کئے گئے۔ ایس آئی ٹی نے ممنوعہ منشیات ڈرگس کا ریاکٹ بے نقاب کیا تھا جس میں ایک ہزار افراد کے جڑے رہنے کا انکشاف ہوا تھا۔