ٹاسک فورس آفس دھماکہ کیس‘ 10 اگسٹ کو فیصلہ

حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) بیگم پیٹ ٹاسک فورس آفس خودکش بم دھماکہ کیس کی سماعت مکمل ہونے پر نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ کے جج 10 اگسٹ کو اِس کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔ تقریباً 12 سال بعد کیس کی سماعت آخری مرحلہ میں پہونچ چکی ہے۔ واضح رہے کہ 12 اکٹوبر سال 2005 ء کو بیگم پیٹ کمشنر ٹاسک فورس آفس پر ایک خودکش بم دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک ہوم گارڈ کی موت واقع ہوگئی تھی اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والا خودکش بمبار بھی ہلاک ہوگیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات سی سی ایس کی ایس آئی ٹینے کی جس نے دھماکہ کے پس پردہ بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظیم حرکت الجہاد اسلامی کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایس آئی ٹی نے 10 ملزمین محمد عبدالزاہد، عبدالکلیم، شکیل، سید حاجی، اجمل علی خان، عظمت علی، محمود بارود والا، شیخ عبدالخواجہ، نفیس البسواس اور بنگلہ دیشی شہری ہلال الدین کو گرفتار کیا اور اُن کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ۔ ایس آئی ٹی نے دعویٰ کیاکہ اس کیس کے دو اہم ملزمین محمد عبدالشاہد عرف بلال اور غلام یزدانی جنھیں پاکستان اور نئی دہلی میں انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا گیا ، حملے کی سازش رچی تھی۔