ٹائٹلر معاملہ میں 19 نومبر سماعت کی آئندہ تاریخ

نئی دہلی ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سی بی آئی نے کانگریس لیڈر جگدیش ٹائٹلر اور تاجر ابھیشک ورما کے خلاف 2009 میں اس وقت کے وزیر اعظم کے نام ایک جعلی مکتوب روانہ کرنے پر فرد جرم عائد کی تھی لہذا ایک خصوصی عدالت فرد جرم عائد کرنے اور جرح کی سماعت کے لیے 19 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ خصوصی سی بی آئی جج وی کے گپتا سی بی آئی کی جانب سے گذشتہ سال 6 ستمبر کو عائد کی گئی فرد جرم پر جرح کی سماعت کے لیے 19 نومبر کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ یاد رہے کہ فرد جرم اس وقت کے ریاستی وزیر برائے داخلہ اجے ماکن کی جانب سے داخل کردہ شکایت کی بنیاد پر عائد کی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ 2009 میں ابھیشک ورما نے ان کے ( ماکن ) لیٹر ہیڈ کا استعمال کرتے ہوئے ایک جعلی مکتوب اس وقت کے وزیر اعظم کو تحریر کیا تھا جہاں انہوں نے وزیر اعظم سے تجارتی ویزہ کے ضوابط میں نرمی کی خواہش کی تھی ۔ ٹائٹلر کو سمن جاری کئے جانے کے بعد عدالت میں حاضری پر مجبور ہونا پڑا تھا ۔ جہاں ان کی ضمانت منظور کرلی گئی تھی جب کہ ابھیشک ورما ہنوز تہاڑ جیل کی عدالتی تحویل میں ہیں ۔۔