سان جوس 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی صدی ہے اور انہوںنے ہندوستان کے حالات میں اچانک تبدیلی کو ملک کے 125 کروڑ عوام کے کے عزم ‘ طاقت اور عہد کا مرہون منت قرار دیا ہے ۔ نریندر مودی نے ایس اے پی سنٹر سان جوس میں تقریبا 18,500 ہندوستانی امریکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وقت سے لوگ یہ کہنے لگے ہیں کہ 21 ویں صدی ہندوستان کی صدی ہے ۔ اس موقع پر وہاں موجود افراد نے تالیوں کی گونج میں اس کا استقبال کیا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ وہ اپنی زندگی کا ہر منٹ قومکی خدمت کیلئے دے رہے ہیں مودی نے کاہ کہ وہ ملک کیلئے جئیں گے اور ملک کیلئے مرینگے ۔ مودی نے کہا کہ گذشتہ 16 مہینوں کے دوران ہندوستان کے تعلق سے دنیا کے تاثرات میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے ۔ دنیا ایک نئے ویژن اور امید کے ساتھ ہندوستان کی سمت دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی ملک کے 125 کروڑ عوام کے جذبہ ‘ طاقت اور عہد کی مرہون منت ہے ۔ مودی نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ہندوستان کامیاب ہوگا کیونکہ ملک کی آبادی کا 65 فیصد سے زیادہ حصہ 35 سال سے بھی کم عمر کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ ادعا کرسکتے ہیں کہ یہ ملک پیچھے نہیں رہے گا ۔ انہوں نے اپنی تقریر کے دوران بارہا یہ ادعا کیا کہ ہندوستان آگے بڑھے گا ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان کا آج مستحکم موقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف 15 مہینوں میں ہندوستان نے نئی بلندیوں کو چھولیا ہے ۔ اس نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے ۔ گذشتہ چھ مہینوں کے دوران تقریبا ہر ریٹنگ ایجنسی نے ایک آواز میں یہ کہا ہے کہ بڑے ممالک میں ہندوستان کی معیشت سب سے زیادہ تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کسی نے بھی اب تک یہ نہیں سوچا تھا کہ دماغی اتھل پتھل کبھی کبھی دماغ کو تقویت بھی پہونچاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ در اصل دماغی صلاحیت کا اجتماع ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس کے نتیجہ میں مادر وطن کی مناسب وقت پر خدمت ہوسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہر ہندوستانی اپنی طاقت ظاہر کرسکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے اس اجتماع سے ایک گھنٹے تک خطاب کیا ۔ مودی نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں سان فرانسسکو میں غدر پارٹی کے رول کی یاد تازہ کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں کیلیفورنیا کا اہم رول ہے اور ہندوستان کے اس سے دیرینہ روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج 27 ستمبر ہے اور ہندوستان میں 28 ستمبر ہے ۔ 28 ستمبر شہید بھگت سنگھ کا یوم پیدائش ہے ۔ وہ انہیں سلام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستانی امریکنوں سے میڈیسن اسکوائر پر ملاقات کے ایک سال بعد ملاقات کر رہے ہیں۔ وہ 25 سال بعد کیلیفورنیا آئے ہیں۔ بہت کچھ بدل گیا ہے ۔ کئی نئے چہرے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ یہاں ہندوستان کا عکس دیکھ رہے ہیں۔ مودی نے ہندوستانی امریکنوں کو کیلیفورنیا میں اپنا ایک مقام بنانے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہندوستانیوں کی کمپیوٹر میں مہارت ‘ عزم اور تخلیق کی وجہ سے دنیا نے ہندوستان کے تعلق سے اپنا تاثر بدل لیا ہے ۔ انہیں صلاحیتوں کی وجہ سے ہندوستانی عوام دنیا کو بدلنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا اپنا تاثر نہیں بدلتی ہے تو 21 ویں صدی میں اس کا اپنا اثر ختم ہوجائے گا ۔