حیدرآباد ۔ /26 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ایک طویل عرصہ سے ملازمتوں کے حصول کے لئے منتظر تعلیمیافتہ بے روزگار افراد کے لئے 15 مختلف محکمہ جات میں پندرہ ہزار جائیدادوں پر تقررات کی خوشخبری دی ہے ۔ اور اس سے متعلق فائیل پر دستخط کر کے چیف منسٹر کے چندراشیکھرراؤ نے پندرہ ہزار جائیدادوں کو فی الفور پُر کرنے کے لئے گرین سگنل دے دیا ۔ اور بتایا جاتا ہے کہ ان ملازمتوں کے حصول کے لئے بے روزگار تعلیم یافتہ افراد جو ایک طویل عرصہ سے ملازمتوں کے حصول کے لئے کوشاں تھے مقررہ حد عمر سے بھی تجاوز کر گئے تھے انہیں ان تقررات میں دس سال عمر زائد ہوجانے والے تعلیمیافتہ بے روزگار افراد کو استثنی دیتے ہوئے مقررہ عمر سے دس سال زائد عمر والے تعلیمیافتہ بے روزگار افراد کو ملازمتوں کے حصول کا موقعہ فراہم کیا گیاہے ۔باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تقررات کے پہلے مرحلہ میں پولیس محکمہ سے تعلق رکھنے والے دیگر شعبہ جات میں8 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے محکمہ توانائی میں 2681 جائیدادوں کے علاوہ دیگر مختلف محکمہ جات میں 4300 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے ضروری ہدایات چیف منسٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو دی ہیں ۔