وی ہنمنت راؤ سے تصادم پر نگیش مدیراج کانگریس سے معطل

تادیبی کارروائی کمیٹی کا اجلاس، فریقین کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ
حیدرآباد ۔ 13۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے 11 مئی کو اندرا پارک پر دھرنا کے دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ سے تصادم کے واقعہ کے سلسلہ میں جنرل سکریٹری نگیش مدیراج کو پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے آج اس فیصلہ کا اعلان کیا۔ تادیبی کارروائی کمیٹی کا اجلاس آج گاندھی بھون میں صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے معاون چیرمین اے شان موہن ، کنوینر بی کملاکر راؤ اور سی جے سرینواس راؤ نے شرکت کی۔ 11 مئی کو اندرا پارک پر ہنمنت راؤ اور نگیش مدیراج کے درمیان جھگڑے کے واقعہ پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ نگیش نے کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر اپنے موقف کی وضاحت کی جبکہ وی ہنمنت راؤ نے تحریری طور پر اپنا بیان روانہ کیا۔ دونوں کے موقف کا مختلف زاویوں سے جائزہ لیا گیا۔ دھرنے کے موقع پر موجود پارٹی کے دیگر قائدین کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات پر غور کیا گیا۔ ایم کودنڈا ریڈی نے بتایا کہ کمیٹی نے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد نگیش مدیراج کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس بارے میں ایک مکتوب تادیبی کارروائی کمیٹی کی جانب سے مدیراج کو روانہ کیا گیا ۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ تادیبی کارروائی کمیٹی کو پارٹی قائدین اور اخبارات کے ذریعہ 11 مئی کے کل جماعتی دھرنے کے دوران پیش آئے واقعات کے سلسلہ میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پی سی سی جنرل سکریٹری کی حیثیت سے آپ کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا ، برخلاف اس کے پارٹی کے سینئر قائد کے ساتھ آپ الجھ گئے جو قابل مذمت ہے۔ یہ ایسے وقت کیا گیا جبکہ دھرنا طلبہ کی خودکشی جیسے حساس مسئلہ پر جاری تھا۔ اس واقعہ سے پارٹی کا وقار مجروح ہوا ہے۔ اسطرح کی سرگرمی تادیبی کارروائی کی متقاضی ہے ، لہذا کمیٹی نے مختلف پہلوؤں سے جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ کل جماعتی دھرنے میں ہنمنت راؤ اور نگیش کے درمیان کرسی کے مسئلہ پر تکرار ہوگئی تھی اور دونوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا ۔ اپوزیشن قائدین کی موجودگی میں اس طرح کے واقعہ سے کانگریس قائدین کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔