نئی دہلی 20 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کے 23 مئی کو نتائج سے قبل کئی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین الیکشن کمیشن سے رجوع ہونگے اور وی وی پیاٹ سلپس کے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے اعدادو شمار سے تقابل کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔ اپوزیشن کا اصرار ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق یہ جانچ کروائی جائے ۔ اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ اگر کسی بوتھ پر وی وی پیاٹ سلپ اور ووٹنگ مشین کے اعداد و شمار میں کوئی تضاد پایا جائے تو سارے اسمبلی حلقہ میں ان سلپس کی گنتی کروائی جانی چاہئے ۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ وہ ہر اسمبلی حلقہ کے پانچ پولنگ بوتھس پر وی وی پیاٹ سلپس اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے ۔ ایسا کرنے کے نتیجہ میں نتائج میں قدرے تاخیر ممکن ہوسکتی ہے ۔ ذرائع کے بموجب کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ بائیں بازو کی جماعتوں ‘ بی ایس پی اور این سی پی کے قائدین ہوسکتا ہے کہ منگل کو الیکشن کمیشن سے غیر رسمی ملاقات کریں اور کچھ نمائندگی کرینگے ۔ اپوزیشن کا مسلسل مطالبہ ہے کہ وی وی پیاٹ کی گنتی کروائی جائے ۔