وی وی پیاٹ سلپس : اپوزیشن کے مرافعہ پر آئندہ ہفتے سماعت

نئی دہلی 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے 21 اپوزیشن قائدین کے داخل کردہ مرافعے پر آئندہ ہفتے سماعت سے اتفاق کرلیا۔ اِس مرافعے کے ذریعہ جاریہ عام انتخابات میں ای وی ایمس کے ساتھ وی وی پیاٹ سلپس کے ذریعہ تصدیق کے عمل میں اضافہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ فاضل عدالت نے 8 اپریل کو الیکشن کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ ہر اسمبلی حلقہ سے ایک بوتھ کے بجائے 5 بوتھس میں ای وی ایمس کے ساتھ وی وی پیاٹ سلپس کو کسی مقررہ ترتیب کے بغیر جوڑ کر دیکھیں۔ چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کی قیادت میں اپوزیشن قائدین نے فاضل عدالت کے حکمنامے پر نظرثانی کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ بوتھس کی تعداد 5 کرنے کے باوجود معقول اور اطمینان بخش نہیں ہے، اِس لئے اِس میں مزید اضافہ کیا جائے۔ یہ عرضی چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس دیپک گپتا پر مشتمل بنچ کے روبرو ہنگامی سماعت کے لئے پیش کی گئی ۔ سینئر ایڈوکیٹ ابھیشک سنگھوی نے درخواست گذاروں کی پیروی کرتے ہوئے بنچ کو بتایا کہ مرافعے کو آئندہ ہفتے سماعت کے لئے رکھا جائے۔ بنچ نے سنگھوی کی بات قبول کرلی اور کہاکہ اِس معاملے پر آئندہ ہفتے سماعت کی جائے گی۔