وی وی پیاٹ سلپس، جواب داخل کرنے کی اپوزیشن جماعتوں کو سپریم کورٹ کی ہدایت

حیدرآباد۔ یکم؍اپریل (یو این آئی)۔ سپریم کورٹ نے آج 21 اپوزیشن لیڈروں سے خواہش کی ہے کہ وہ اندرون ایک ہفتہ لوک سبھا انتخابات میں وی وی پیاٹ سلپس کے سلسلہ میں ان کی جانب سے داخل کردہ عرضی پر الیکشن کمیشن کے حلف نامہ پر اپنا جواب داخل کریں۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو کی زیر قیادت اپوزیشن کے لیڈروں نے خواہش کی تھی کہ انتخابات کے دوران ہر اسمبلی حلقہ میں 50 فیصد ووٹنگ مشینوں کے وی وی پیاٹس کی اچانک درمیان سے جانچ کی جائے ۔ چیف جسٹس کی زیر قیادت بینچ نے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے رجوع ہونے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی سے خواہش کی کہ وہ اگلے پیر تک اپنا جواب داخل کریں۔ انتخابی حکام نے جمعہ کو اس عرضی کو مسترد کرنے کی عدالت سے خواہش کی تھی۔ اپنے حلف نامہ میں الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا تھا کہ اپوزیشن کے لیڈر ہر اسمبلی حلقہ میں ایک پولنگ بوتھ کے وی وی پیاٹس کی اچانک درمیان سے گنتی کے موجودہ سسٹم میں ترمیم کی خواہش نہیں کرسکتے ۔