وی وی پیاٹس کے ذریعہ آندھراپردیش کے ووٹوں کی گنتی ہوگی

سپریم کورٹ کے احکام پر اقدام ، 23 مئی کو نتائج کے اعلان میں تاخیر کا امکان : الکٹورل آفیسر

حیدرآباد /30 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاستی چیف الکٹورل آفیسر آندھراپردیش مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے بتایا کہ سپریم کورٹ ہدایات کی روشنی میں وی وی پیاٹس کے ذریعہ ریاست آندھراپردیش میں تقریباً زائد از 13 لاکھ ووٹوں کی گنتی کرنی پڑے گی ۔ جبکہ ہر ایک پارلیمانی حلقہ کے حدود میں آنے والے حلقہ جات اسمبلی میں جملہ 70 وی وی پیاٹس کی گنتی کیلئے ’’ ریانڈم ‘‘ کے طور پر وی وی پیاکٹس کا انتخاب کیا جائے گا اور اس طرح ان وی وی پیاٹس کی گنتی کے پیش نظر نتائج کااعلان کرنے میں زبردست تاخیر ہوگی ۔ یوں تو ووٹوں کی 23 مئی کو گنتی کے دن نتائج کا اوسط دوپہر 12 بجے تک ہی معلوم ہونے کا امکان پائے جانے کے باوجود قطعی انتخابی نتائج کا اعلان رات 12 بجے ممکن ہوسکے گا۔ مسٹر دیویدی کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ہی وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی عمل میں لائی جائے گی ۔ جبکہ امیدواروں اور ان کے الیکشن ایجنٹس کی موجودگی میں وی وی پیاٹس کے ریانڈم انتخاب کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی کے پیش نظر نہ صرف ریاستی سطح پر بلکہ قومی سطح پر بھی انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر ناگزیر ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک اسمبلی حلقہ سے پانچ پانچ اور حلقہ لوک سبھا سے پانچ وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی انجام دی جائے گی ۔ جبکہ ہر ایک وی وی پیاٹس میں کم از کم ایک ہزار ووٹ ڈالے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔ اس طرح ریاست بھر میں 1750 وی وی پیاٹس سلپس کی گنتی کرنی پڑے گی ۔ مسٹر گوپال کرشنا دیویدی نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سب سے پہلے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور پھر لوک سبھا حلقہ جات کے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ڈالے گئے ووٹوں اور وی وی پیاکٹس سلپس برابر ہونے کے بعد ہی انتخابی نتائج کا ا علان کرنے کا واضح طور پر اظہار کیا ہے ۔