سابق جوائنٹ ڈائرکٹر سی بی آئی کی پون کلیان سے ملاقات کے بعد
اخباری نمائندوں سے بات چیت
حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) سابق جوائنٹ ڈائرکٹر سی بی آئی مسٹر وی وی لکشمی نارائنا اپنے تعلق سے پائی جانے والی مختلف قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرکے آج بالآخر صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان سے ملاقات کرکے جنا سینا پارٹی میں شامل ہوگئے۔ صدر جنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان نے مسٹر لکشمی نارائنا کا جنا سینا پارٹی میں خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی کاکھنڈوا اوڑھایا۔ بعد ازاں مسٹر لکشمی نارائنا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک نئی سیاسی تبدیلی لانے کے مقصد سے مسٹر پون کلیان نے جنا سینا پارٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے سماج کی تعمیر کیلئے مسٹر پون کلیان کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس طرح آج مسٹر پون کلیان کے ساتھ ملکر کام کرنے کا موقع فراہم ہورہا ہے۔ اس طرح آئندہ پانچ سال کے دوران نوجوانوں کو نئی راہوں پر گامزن کرنے پر ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ مسٹر وی وی لکشمی نارائنا نے کہا کہ مسٹر پون کلیان نئی تبدیلی لاسکتے ہیں اور جنا سینا پارٹی کا انتخابی منشور بھی کافی بہتر اور اچھا ہے۔ اس انتخابی منشور میں تمام طبقات کے عوام کی خواہشات کا پاس و لحاظ رکھا گیا ہے۔ اس طرح کے انتخابی منشور کو مرتب کرنے کیلئے کافی محنت کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج سے جنا سینا کے کارکن کی طرح رہیں گے۔ مسٹر لکشمی نارائنا نے بتایا کہ ان کی تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق اطلاعات صرف اور صرف میڈیا کی جانب سے ہی پھیلائی گئی ہیں اور وہ کسی حلقہ سے انتخاب میں حصہ لیں گے ۔ مسٹر پون کلیان غور کرکے اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بائیں بازو جماعتوں اور بی ایس پی کے ساتھ انتخابی مفاہمت کے باعث جنا سینا پارٹی کی عوامی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔