وی ایچ پی کے بیان پر نریندر مودی سے وضاحت کا مطالبہ

حیدرآباد۔18فبروری(سیاست نیوز ) سینئر کمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ جناب سیدعزیز پاشاہ نے اقلیتوں کے تئیں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کے بعد وی ایچ پی کے بیان کو صرف عیسائی اقلیت سے منسوب کرنے پر برہمی ظاہر کی۔ آج یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر مخدوم بھون میںمنعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور ملک کی فرقہ پرست تنظیمیں اقلیتو ں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں۔ ہندودہشت گرد تنظیم وی ایچ پی کے بیان پر وزیراعظم نریندر مودی کی وضاحت کو لازمی قراردیا۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی کے لئے کسی بھی قسم کی فرقہ پرستی ناقابلِ برداشت ہے۔ تلنگانہ ریاست کے موجود ہ حالات بالخصو ص موسم گرماکی قبل از وقت آمد کے ساتھ ریاستی حکومت کودرپیش چیالنجس پر بھی حکومت تلنگانہ کی وضاحت طلب کی۔ ہنگامی حالات موسم گرما میںدرپیش مسائل خاص طور پر پانی اور برقی کی قلت سے نمٹنے کے لئے حکومت تلنگانہ کے اقدامات پر وضاحت کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کرشنا آبی پراجکٹ تیسرے مرحلے کی تکمیل میںتاخیر کے سبب عوام کو مزید تکالیف کا سامنا کرنا پڑیگا۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات پر حکومت تلنگانہ کے غیر واضح موقف کو بھی اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ تلنگانہ سی پی آئی کے اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز انتخابات کے ضمن میںتمام بائیں بازو جماعتوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ لینے کی بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ 19فبروری سے سی پی آئی اسٹیٹ کونسل کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے جس میں اُن تمام امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گاجو ریاست کے عوامی مفادات میں ہے۔سی پی آئی ساوتھ زون کنونیر ای ٹی نرسمہا‘ وی ایس بوس ‘ شنکر نائک‘ چھایہ دیوی کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجو دتھے۔