ویژن سے عاری خیالی پلاؤ پر مبنی بجٹ:اپوزیشن

نئی دہلی 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن نے آج بی جے پی زیر قیادت حکومت کے پہلے مکمل ریلوے بجٹ پر تنقید کی اور کہا کہ یہ ویژن سے عاری ہے اور اس میں منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی حکومت عملی نہیں ہے ۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے اور ٹی ایم سی کے دنیش ترویدی نے کہا کہ اس بجٹ میں کوئی مواد نہیں ہے بلکہ صرف خواب ننے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ملکارجن کھرگے اور دنیش ترویدی دونوں ہی سابق وزیر ریلوے ہیں۔ ملکارجن کھرگے نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھے الفاظ کی بجٹ تقریر تھی تاہم اس میں کوئی ویژن نہیں ہے کہ منصوبوں کو کس طرح عملی شکل دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے کہا کہ وہ عوامی ۔ خانگی شراکت اور بی او ٹی معاہدے کرینگے تاہم یہ حقیقت ہے کہ اگر آپ دوسروں پر انحصار کرتے ہیں تو پھر اپنے نشانوں کی تکمیل نہیں کرسکتے ۔ دنیش ترویدی نے بھی اس بجٹ پ رناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس میں عوام کیلئے ایک خواب بنا گیا ہے لیکن ان خوابوں کی تکمیل کا کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ ایسا ہے کہ آپ کہیں آپ چاند پر پہونچنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک خیال ہے خواب ہے لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ وہاں کس طرح پہونچنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے پارلیمنٹ میں جو پیش کیا ہے وہ بجٹ نہیں بلکہ صرف ایک خیال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ریلوے بھی ائر انڈیا کے نقش قدم پر ہے ۔ اس کے خزانے بھی خالی ہیں۔ بیجو جنتادل کے سینئر لیڈر ٹی ستپاتھی نے بھی ریلوے بجٹ پر تنقید کی اور کہا کہ یہ کھوکھلا اورمایوس کن بجٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سریش پربھو کو 10 میں صرف 2 نمبرس دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل کھوکھلا ہے ۔ وزیر ریلوے نے ایک خیال پیش کیا ہے لیکن یہ واضح نہیں کیا کہ اس کی تکمیل کس طرح کی جائیگی ۔سینئر کانگریس لیڈر ویرپا موئیلی نے بھی بجٹ پر تنقید کی اور کہا کہ یہ صرف ایک ویژن دستاویز ہے اور اسے بجٹ نہیں کہا جاسکتا ۔
تاہم وزیر ماحولیات و جنگلات پرکاش جاوڈیکر نے اس بجٹ کو تاریخی اور تخلیقی بجٹ قرار دیا ہے اور کہا کہ اس میں ماحولیاتی مسائل پر بھی توجہ دی گئی ہے ۔