ویڈ دورۂ نیوزی لینڈ سے باہر

سڈنی ۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) زخمی کارگذار آسٹریلیائی کپتان میتھیو ویڈ نیوزی لینڈ کے رواں دورہ سے دستبردار ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ آرون فنچ کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔ مستقل کپتان اسٹیو اسمتھ اور اُن کے نائب ڈیوڈ وارنر کو ہندوستان کے دورہ کے تناظر میں آرام دیئے جانے کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے وکٹ کیپر بیٹسمین میتھیو ویڈ کو کپتان بنایا گیا تھا لیکن پیر کو منعقدہ پہلے مقابلہ سے عین قبل وہ پیٹھ میں تکلیف کے باعث ٹیم کی قیادت نہیں کرپائے تھے جہاں آسٹریلیا کو 6 رنز کی قریبی شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے سے قبل ویڈ کے مکمل صحتیاب نہ ہونے کے بعد تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کارگذار کپتان کو علاج کے لئے ملبورن طلب کرلیا جائے۔ فنچ جنھوں نے ویڈ کی عدم موجودگی میں پیر کو پہلے ونڈے میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی اب وہ میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کے مابقی دونوں مقابلوں میں ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن ویڈ کے مقام پر کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ویڈ نے اِس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف 4 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز سے قبل ہی دوبئی میں منعقد شدنی ٹریننگ کیمپ میں شرکت کے لئے صحتیاب ہوجائیں گے۔