حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی عازمین کا 16واں قافلہ جو 350عازمین پر مشتمل تھا آج شام جدہ کیلئے روانہ ہوگیا۔ اس قافلہ میں کرناٹک اور تلنگانہ کے عازمین شامل ہیں۔ اس طرح اب تک ریاستی حج کمیٹی سے 5450 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں، اب مزید دو قافلوں کی روانگی باقی ہے جو کل 28ستمبر کو روانہ ہوں گے۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو جناب اے کے خاں ( آئی پی ایس ) اور رکن قانون سازکونسل حافظ پیر شبیر احمد نے آج کے قافلہ کو وداع کیا۔ انہوں نے حج ہاوز نامپلی میں عازمین حج کی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ جناب اے کے خاں سابق میں کمشنر سٹی پولیس کی حیثیت سے حج کیمپ سے وابستہ رہ چکے ہیں جبکہ حافظ پیر شبیر احمد حج کمیٹی کے صدر نشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان دونوں نے ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی قیادت میں حج کمیٹی کے تمام عہدیداروں نے ایک ٹیم کی طرح اپنے فریضہ کی تکمیل کی ہے۔ جناب اے کے خاں نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج بیت اللہ کی سعادت ان کو حاصل ہوتی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے بلاوا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج خوش قسمت ہیں کہ انہیں یہ عظیم سعادت نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ ملک کی ترقی، بھائی چارہ اور امن و امان کیلئے خصوصی دعاء کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں اور ان کی دعائیں مقبول ہوتی ہیں لہذا انہیں اپنی دعاؤں میں سارے ملک کو شامل رکھنا چاہیئے۔ حافظ پیر شبیر احمد نے مناسک حج اور حج کے آداب بیان کئے اور کہا کہ سفر حج کے دوران عازمین کو صبر و تحمل اور ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران کی عبادتوںکا غیر معمولی اجر ہے لہذا عازمین کو زیادہ وقت عبادتوں میں صرف کرنا چاہیئے۔ انہوں نے حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ کمیٹی بہتر سے بہتر انتظامات کے ذریعہ عازمین حج کو سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ آندھرا پردیش کے 6050 عازمین سعودی ایر لائنس کی18فلائیٹس سے روانہ ہورہے ہیں جبکہ 85عازمین کا انتخاب ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ ہوا ہے وہ ممبئی سے روانہ ہوں گے۔ 9ریاستوں کے ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو ممبئی سے دو خصوصی فلائیٹس سے روانہ کیا جائے گا۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ و ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید موجود تھے۔ عازمین حج کو وداع کرنے کیلئے حج ہاوز میں سینکڑوں کی تعداد میں رشتہ دار اور دوست احباب موجود تھے۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج کی بسیں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کی گئیں جہاں رات 10:30بجے سعودی ایر لائنس کے طیارہ نے اُڑان بھری۔