ویٹنام اور میانمار میں سیلاب کی تباہی ،3 ہلاک ، ایک لاکھ 20 ہزار بے گھر

ہنوئی / یانگون ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سیلاب کی وجہ سے ویٹنام میں کم از کم 3 افراد ہلاک ہوگئے اور دارالحکومت کے جنوبی علاقہ کے زیرآب آنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ 2 بچے اور ایک مرد آج ضلع چوانگ میں غرق ہوگئے۔یہ ہنوئی کے مضافات میں واقع ہے جہاں دریائے بوئی میں سیلاب آگیا تھا اور جس نے ہنوئی کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا تھا۔ یانگون سے موصولہ اطلاعات کے بموجب میانمار میں تقریباً ایک لاکھ 20 افراد بے گھر ہوگئے جبکہ سیلاب جنوب مشرقی میانمار کے وسیع علاقوں میں پھیل گیا۔ تقریباً 11 افراد تاحال ہلاک ہوچکے ہیں۔ دہشت زدہ عوام اپنے بچوں کے ساتھ خشک علاقوں کو فرار ہوگئے ہیں۔ بعض لوگوں نے اونچے درختوں پر پناہ لی ہے اور اپنے مٹھی بھر اشیاء کے ساتھ وہاں پر مقیم ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ایک لاکھ 18 ہزار افراد 285 پناہ گزین کیمپ میں پناہ لے چکے ہیں۔ پانی جس میں مٹی کی آمیزش سے گدلا نظر آرہا ہے ، گھروں کی کچی چھتوں تک پہنچ چکا ہے۔ کھیت چار صوبوں میں زیرآب ہیں اور سرکاری عہدیدار بچاؤ مراکز میں اپنی جدوجہد میں مصروف ہیں جبکہ موسلادھار بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔