وینکیا نائیڈو کی رومانیہ کے تاجر طبقہ کو سرمایہ کاری کی دعوت

بخارسٹ ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ ہند وینکیا نائیڈو نے رومانیہ کے تجارتی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یہ مشورہ دیا کہ وہ ہندوستان میں معاشی اصلاحات سے استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کریں۔ ہندوستان اور رومانیہ کے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر وینکیا نائیڈو جنوب مشرقی یوروپی ملک کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہند ۔ رومانیہ دورخی تجارت کا تخمینہ 810 ملین ڈالرس سالانہ ہے۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارت 810 ملین ڈالرس تک پہنچ چکی ہے۔ بخارسٹ کے پراہوا چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے تاجر طبقہ کو ہندوستان کے معاشی اصلاحات سے استفادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے کی بات کہی۔ یاد رہیکہ نائب صدرجمہوریہ سہ ملکی دورہ کے آخری مرحلہ میں منگل کے روز رومانیہ پہنچے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ موصوف 20 ستمبر کو ہندوستان کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔